وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ کا دورہ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا

وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ کا دورہ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ کوئٹہ کا دن اور وقت خفیہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سانحہ مچھ پر احتجاج کرنے والی ہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کے لیے کسی بھی وقت اچانک کوئٹہ پہنچ سکتے ہیں تاہم سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے ان کے دورے کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا جائے گا۔

اس سے پہلے وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ بہت جلد کوئٹہ کا دورہ کروں گا، سانحہ مچھ میں شہدا کے لواحقین سے ملنے جاؤں گا، لواحقین سے درخواست ہے شہدا کی تدفین کریں، دکھ کی اس گھڑی میں ہزارہ برادری کے ساتھ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم نے کہا کہ شہدا کے لواحقین کے دکھ کا احساس ہے، آپ کا درد جانتا ہوں اور آپ کے مطالبات کا بھی احساس ہے، پہلے بھی چل کر آپ کے پاس آیا تھا اور دکھ میں ساتھ کھڑا تھا۔ وزیر اعظم نے لکھا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں کیوں کہ ہم جانتے ہیں کہ ہمارا ہمسایہ فرقہ ورانہ دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔

Comments (0)
Add Comment