پاکستان اور چین کے درمیان شراکت داری مضبوط کرنے پر اتفاق، اعلامیہ جاری

بیجنگ: وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین پر مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مضبوط کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین پر پاک چین مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا، مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں ملک اچھے ہمسائے، قریبی دوست اور قابل اعتماد شراکت دار ہیں۔
مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ باہمی دوستی وتعاون کا خطے اور خطے سے باہرامن واستحکام میں اہم کردار ہے، دونوں ملک باہمی تعلقات کو اسٹریٹجک اور طویل المدت تناظرمیں دیکھتے ہیں۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خارجہ پالیسی میں اولین ترجیح دیتا ہے، چین نے اہم معاملات پرپاکستان کی مسلسل اور مضبوط حمایت کو سراہا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چین نے پاکستان کی خود مختاری، آزادی، علاقائی سلامتی اور سیکیورٹی کے لیے حمایت کا اعادہ کیا اور خطے میں امن واستحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا، چین نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مسائل پرامن طور پرحل کرنے کی پاکستانی کوششوں کو سراہا۔
مشترکہ اعلامیہ میں پاکستان نے معاشی ترقی میں چین کی حمایت اور تعاون کو سراہا، دونوں ممالک نے وزرائے خارجہ اسٹریٹجک مذاکرات کا میکانزم بنانے پراتفاق کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے سی پیک کی مستقبل کی سمت پرمکمل اتفاق کا اعادہ کیا گیا، دونوں ممالک نے سی پیک کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ بیجنگ میں سینٹرل پارٹی اسکول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان شمالی کوریا اور ملائیشیا کے لیے ایک مثال تھا لیکن بدقسمتی سے بدعنوانی اورمنی لانڈرنگ نے ملک کو بری طرح متاثر کیا۔

Comments (0)
Add Comment