ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کا مایوس کن آغاز، امریکہ کے ہاتھوں تاریخی اپ سیٹ شکست

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کا مایوس کن آغاز، امریکہ کے ہاتھوں تاریخی اپ سیٹ شکست  کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکہ نے پاکستان کو  سپر اوور میں  شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ امریکا نے سپر اوور میں پاکستان کو جیت کیلئے 19 رنز کا ہدف دیا، جواب میں پاکستانی  ٹیم صرف 13 رنز  ہی بنا سکی۔

ڈیلس میں گروپ اے کے کھیلے گئے میچ میں امریکہ کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے،کپتان بابر اعظم 44 اور شاداب 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ امریکا کو میچ جیتنے کے لیے آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے، امریکی بیٹر نتیش کمار نے حارث رؤف کو چوکا مارا اور میچ برابر ہوگیا۔

پاکستان کی اننگز

امریکہ کے خلاف پاکستان  کے 3 ٹاپ آرڈر بیٹرز پاورر پلے میں 26 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔  محمد رضوان 9، عثمان خان 3 اور فخر زمان 11 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ شاداب نے شاندار بیٹنگ کی لیکن وہ بھی 40 رنز پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے اور پھر اعظم خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔   بابر اعظم 43 گیندوں پر 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ افتخار احمد 18 رنز بناسکے۔اختتامی اوورز میں شاہین آفریدی 16 گیندوں پر 23 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ امریکہ کی جانب سے نوتوش کینجی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سوراب  نے 2 ، علی خان نے ایک وکٹ لی۔

امریکہ کی اننگز

پاکستان کے 160 رنز کے جواب میں امریکہ نے پر اعتماد بیٹنگ کی۔ کپتان مونانک پٹیل نے 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ اندیس گوس نے 35 رنز بنائے۔ اسٹیو ٹیلر 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔111 کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد ارون جونس اور نتیش کمار میچ کو آخری اوور تک لے گئے، امریکہ کو آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے۔نتیش کمار نے حارث رؤف کو چوکا مار کر میچ برابر کردیا اور میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔ ارون جونس 36 اور نتیش کمار 14 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ لی۔

سپر اوور 

سپر اوور میں امریکہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18 رنز اسکور کیے اور پاکستان کو 19 رنز کا ہدف ملا۔ پاکستان کی جانب سے افتخار احمد اور فخر زمان کریز پر اترے پر وہ بھی ٹیم کو میچ نہ جتواسکے۔ پاکستان 19 رنز کے تعاقب میں ایک وکٹ پر 13 رنز بناسکا اور امریکا کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

امریکہ کی ورلڈکپ میں دوسری کامیابی ہے، اس نے پہلے میچ میں کینیڈا کو شکست دی تھی۔ پاکستا ن کے خلاف جیت کے بعد امریکہ گروپ اے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر آگیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment