عوامی پیسے پر عیاشی نہیں ہوگی، وزیراعظم کا خطاب

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ عوامی پیسے پر عیاشی نہیں ہوگی، قوم کا ایک ایک پیسہ ملکی ترقی پر خرچ ہوگا۔  انہوں نے وعدہ کیا کہ موجودہ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کی تاریخ کا آخری پروگرام ہوگا۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے میاں شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کی مبارک باد دی اور کہا اللہ سے دعا ہے کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کو ان کا حق آزادی ملے۔  انہوں نے کہا کہ 2022 میں اقتدار سنبھالا اور پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے نوازشریف اور آصف زرداری کی رہنمائی میں کام کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف کا مزید کہنا تھاکہ 8 فروری کے انتخاب کے بعد حکومت سنبھالی تو ہمارے اقدامات سے مہنگائی 38 فیصد سے گر کر 12 فیصد ہوگئی ہے، قرضوں پر 22 فیصد شرح سود کم ہو کر 20 فیصد پر آچکی ہے، اس سے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستان آج معاشی مشکلات سے آہستہ آہستہ نکل کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہورہا ہے، معاشی مشکلات سے نکالنے اور ترقی و خوشحالی کا سفر ملک کی اشرافیہ سے قربانی کا تقاضہ کرتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ آج ہماری حکومت کو 100 دن پورے ہوچکے ہیں، گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت مزید کم کی گئی ہے، پیٹرول اور ڈیزل سستا ہونے سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو کچھ ریلیف ملے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کہ پی ڈبلیو ڈی جیسے اداروں میں 50 فیصد سے زائد فنڈز کرپشن کی نذر ہوجاتے ہیں، ایسے تمام ادارے جو کرپشن کا مرکزبن چکےہیں ان کو ختم کرنا میرا فرض بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ آئندہ ڈیڑھ سے دو ماہ میں ایسے اداروں کا خاتمہ کردیا جائیگا جوپاکستان پربوجھ بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی 100 فیصد ڈیجیٹائیلائیزیشن کی ذمہ داری عالمی شہرت رکھنےوالی کمپنی کودے دی گئی ہے، ایف بی آر میں نالائق لوگوں کو ایک طرف کردیا ہے، وعدہ کرتا ہوں موجودہ آئی ایم ایف کا پروگرام پاکستان کی تاریخ کا آخری پروگرام ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امیر و غریب کا فرق کم کرنا ہوگا، اشرافیہ شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں، ٹیکس صرف تنخواہ دار پر لگ رہا ہے، مئی 2024 میں بیرون ملک پاکستانیوں نے 3 ارب ڈالرز کا غیر ملکی زرمبادلہ بھجوایا ہے، تعلیم کے میدان میں ایمرجنسی کا نفاذ کیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment