تحریک انصاف کا پھر یوٹرن، ایک بار پھر امریکہ پر سائفر کے ذریعے مداخلت کا الزام

پی ٹی آئی کے رہنما اور قائد حزب اختلاف عمر ایوب  نے ایک بار پھر امریکہ پر ان کی حکومت ہٹانے کا الزام لگا دیا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ امریکا نے سائفر کے ذریعے پاکستان میں مداخلت کی۔

یاد رہے کہ دو روز قبل امریکی ایوان نمائندگان نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ 8 فروری کے الیکشن میں مداخلت اور بے ضابطگیوں کے دعوؤں کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔ امریکی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں عوام کو جمہوری عمل میں شرکت سے روکنے کے لیے عوام کو دبانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں۔

اس کے جواب میں گزشتہ روز پاکستان کی قومی اسمبلی نے بھی امریکی قرارداد کی مخالفت میں ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے انتخابات میں کروڑوں پاکستانیوں نے ووٹ دیئے ہیں اور امریکی قرارداد مکمل طور پر حقائق پر مبنی نہیں ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے امریکی ایوان نمائندگان سے منظور ہونے والی قرارداد کی مخالفت کرنے سے انکار کرتے ہوئے قومی اسمبلی سے منظور ہونے والی قرارداد کی مخالفت کی اور امریکی قرارداد کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ماننے سے انکار کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف بارہا یہ بات کہتی رہی ہے کہ امریکا نے سائفر کے ذریعے ایک منتخب حکومت کو گرانے میں اہم کردار ادا کیا۔

Comments (0)
Add Comment