سلمان،حسن اور حارث دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شامل

سلمان،حسن اور حارث دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شامل ہوگئے ہیں۔

آل راؤنڈر سلمان علی آغا کو پہلی بار ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ فاسٹ باؤلرز حارث رؤف اور حسن علی کی آئرلینڈ اور انگلینڈ کے آئندہ دوروں کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔قومی سلیکشن کمیٹی کے ارکان عبدالرزاق، بلال افضل، محمد یوسف اور وہاب ریاض نے جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران 18 رکنی پاکستان اسکواڈ کا اعلان کیا۔رؤف اپنے کندھے کی انجری سے صحت یاب ہوگئے ہیں، جس کا شکار وہ فروری میں کراچی کنگز کے خلاف پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن نو کے دوران ہوئے تھے۔

وہ اس  چوٹ کی وجہ سے PSL 9 اور نیوزی لینڈ کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی T20سیریز کا حصہ نہیں رہے۔ رؤف کے ساتھ وکٹ کیپر اعظم خان کو بھی پنڈلی کی انجری کی وجہ سے نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی سے باہر کر دیا گیا تھا جب کہ مڈل آرڈر بلے باز محمد عرفان خان اور وکٹ کیپر محمد رضوان کو بھی لاہور میں ہونے والے دو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں آرام دیا گیا تھا۔چاروں کرکٹرز نے منگل کی سہ پہر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس کا جائزہ لیا ہے، جس میں نمایاں بہتری دکھائی دے رہی ہے۔

اس پیشرفت نے پی سی بی میڈیکل پینل اور ٹیم مینجمنٹ کو سات ٹی ٹوئنٹی میچوں کے دوران ان کی ممکنہ دستیابی کے حوالے سے اعتماد اور حوصلہ دیا ہے۔دریں اثنا، آغا کو پی ایس ایل 9 میں ان کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے بلایا گیا ہے، جہاں انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے 140.27 کے اسٹرائیک ریٹ سے 310 رنز بنائے۔حسن علی، جنہوں نے آخری بار ایشیا کپ 2022 میں سری لنکا کے خلاف T20 میچ کھیلا تھا،جبکہ انہوں نے پی ایس ایل 9 کے دوران 10 میچوں میں 14 وکٹیں حاصل کیں۔

اس دوران پی ایس ایل 9 میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے لیگ اسپنر اسامہ میر اور تیز گیند باز زمان خان کو آئرلینڈ اور انگلینڈ کی سیریز کے لیے اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ٹیم لاہور میں 4 سے 6 مئی تک تین روزہ تربیتی کیمپ کے بعد 7 مئی کو ڈبلن کے لیے روانہ ہوگی۔قومی ٹیم 10 مئی سے آئرلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی جس کے بعد انگلینڈ کے خلاف چار میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

پاکستان 22 مئی کو شیڈول کے مطابق انگلینڈ کے خلاف پہلے T20 کے بعد آئندہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے اسکواڈ کا اعلان کرے گا۔ دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں بابر اعظم، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، شاداب خان، شاہین آفریدی، عثمان خان شامل ہیں۔

Comments (0)
Add Comment