افغانستان کے شہر قندھار میں بم دھماکا، 16 افراد جاں بحق

افغانستان کے جنوبی شہر قندھار کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دھماکے میں 16 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔  افغان وزارت داخلہ کے ترجمان قاری سعید خوستی نے کہا کہ حکام دھماکے کی تفصیلات اکٹھا کر  رہے ہیں۔  مقامی صوبائی کونسل کے ایک سابق رکن نعمت اللہ وفا نے بتایا ہے کہ مسجد میں ہونے والے دھماکے میں بھاری جانی نقصان ہوا تاہم فوری طور پر کوئی تفصیلات نہیں ہیں۔

دوسری جانب مقامی حکام کا بتانا ہے کہ دھماکے میں 16 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے گزشتہ جمعے کو بھی شمالی شہر قندوز میں ایک مسجد میں بم دھماکے میں  متعدد افراد ہلاک ہوئے۔ قندوز دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

Comments (0)
Add Comment