نیویارک:وزیراعظم محمد شہبازشریف آج نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس سے خطاب کریں گے۔
دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ وزیراعظم عالمی فورم پر فلسطین اور مسئلہ کشمیر سمیت عالمی اہمیت کے مسائل کو اجاگر کریں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کی اہمیت کو اجاگر کرتا رہے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی نیویارک میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم نے غزہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی اور فلسطین اور لبنان کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کے خاتمے پر زور دیا۔
دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوں کا جائزہ لیا اور اچھے ہمسایہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ باہمی فائدہ مند تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، ایران کے ساتھ روابط اور ثقافتی تعلقات کو بہتر بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف کی عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور عراق کے مابین مضبوط تعلقات کو خوش آئند قرار دیا جن کی بنیاد تاریخ، ثقافت اور مذہب پر مبنی ہے. وزیراعظم نے پاکستانی زائرین کے لئے ہر سال کئے جانے والے انتظاما ت پر عراقی حکومت کو سراہا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان عراق دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں باہمی طور پر تعاون کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے مابین موجود استعداد سے استفادہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ پر جاری اسرائیلی قتل عام، ظلم و جبر اور لاکھوں انسانی زندگیوں کی تباہی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے غزہ میں فوری جنگ بندی اور غزہ کی نسل کشی کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرانے کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی مسائل پر اتفاق کرتے ہوئےغزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینی بہن بھائیوں کو انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کے لیے اقوام متحدہ اور او آئی سی کے پلیٹ فارمز پر بین الاقوامی کوششوں کو مزید مؤثر اور تیز کرنے پر زور دیا۔