Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سنہری مسجد پشاور میں 20 سال بعد خواتین نے نماز ادا کی

دو عشرے پہلے شہر میں دہشت گردی کے باعث سنہری مسجد میں خواتین کا داخلہ بند کیا گیا تھا

پشاور صدر کے علاقہ نوتھیہ میں سڑک کنارے واقع سنہری مسجد کو بیس سال بعد خواتین کے لیے کھول دیا گیا۔یاد رہے تقریباً دو عشرے پہلے شہر میں دہشت گردی کے باعث سنہری مسجد میں خواتین کا داخلہ بند کیا گیا تھا، آج ان کے لئے مسجد میں باجماعت نماز کا انتظام امن کی گواہی ہے۔

سنہری مسجد پشاور کی بڑی اور تاریخی مساجد میں سے ایک ہے جس کا کل رقبہ 18 ہزار مربع فٹ ہے اور اس میں بیک وقت 6 ہزار تک نمازیوں کی گنجائش موجود ہے۔ اس مسجد کا سنگ بنیاد 1946 میں رکھا گیا تھا اور تقریباً چھ سال میں مکمل کی گئی تھی۔ سنہری مسجد میں فی الحال خواتین کو صرف جمعہ اور عیدین کی نمازوں کی اجازت دی گئی ہے لیکن مسجد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بہت جلد یہاں پر خواتین بھی مردوں کی طرح تمام نماز ادا کرسکیں گی۔

مسجد میں خواتین کے لئے مین ہال کے اوپر تیسری چھت میں ایک ہال مختص کیا گیا ہے جس کا دروازہ بھی مسجد کے بڑے گیٹ کی بجائے ایک چھوٹی بند گلی میں ہے جہاں سے عمومی طور پر مرد نمازیوں کا بھی گزر نہیں ہوتا۔

خواتین کی موجودگی کے پیش نظر آج مسجد کے خطیب نے جمعہ کے خطبہ میں بھی خواتین کے حقوق اور ان کو درپیش مسائل بیان کئے اور نماز کے بعد بھی کچھ دیر کے لئے لاوڈ سپیکر پر حیا اور عورتوں کے لباس کے حوالے سے باتیں کیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.