بلوچستان کے علاقے سنگوان ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردوں نے پاک ایران سرحد پر سکیورٹی فورسز کی چوکی کو نشانہ بنایا جس دوران دہشتگردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ فوجی جوانوں نے دستیاب ہتھیاروں کے ساتھ بہادری سے جواب دیا اور دہشتگردوں کو کامیابی سے پسپا کیا تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 سپاہی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں فوری طور پر کلیئرنس آپریشن شروع کردیا ہے اور دہشتگردوں کو فرار ہونے سے روکنے کیلئے ایرانی حکام کے ساتھ رابطے کیے جارہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیےسکیورٹی فورسز پرعزم ہیں۔