آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے ویرات کوہلی اور شریاس آئیر کی شاندار سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 398 رنز کے پہاڑ جیسا ہدف دے دیا۔ یہ مقابلہ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ہورہا ہے جہاں بھارتی کپتان روہت شرما نے کیویز کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔ بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز اسکور کیے، ویرات کوہلی 117 اور شریاس آئیر 105رنز بناکر نمایاں رہے۔ بھارتی اوپنر کپتان روہت شرما ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کرکے 29 گیندوں پر 47 رنز بناکر پویلین لوٹے، ان کی وکٹ ساؤتھی نے لی۔
اس سے قبل لیگ مرحلے میں بھارتی ٹیم نے کیویز کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو یعنی کل کھیلا جائے گا، یہ میچ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہوگا جہاں میچ طوفان کی نذر ہونے کا خدشہ ہے۔ بارش کے باعث میچ ریزرو ڈے میں بھی ممکن نہیں ہوسکا تو جنوبی افریقا پہلی بار فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گا ۔