بلوچستان کے مختلف علاقوں زیارت، کان مہترزئی، چمن، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں برفباری کا سلسلہ رات گئے سے شروع ہوا جو وقفے وقفے سے تاحال جاری ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ بالائی علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات پر بارش اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں اور مشینری فوری طور پر روانہ کر دی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جہانذیب خان نے بتایا کہ امدادی ادارے ہنگامی بنیادوں پر صورتحال سے نمٹنے میں مصروف ہیں۔
برفباری کے باعث شاہراہوں پر جمی ہوئی برف ہٹانے کا عمل بھی جاری ہے۔ جہانذیب خان کے مطابق چمن، کان مہترزئی، قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں اس وقت بھی پی ڈی ایم اے کا عملہ اور مشینری کام کر رہی ہے جبکہ مسلم باغ کے علاقے میں قومی شاہراہ پر پھسلن کے باعث ٹریفک کی بحالی کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ حالیہ بارشوں اور برفباری کے پیش نظر ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں میں پہلے ہی مشینری اور امدادی سامان بھجوا دیا گیا تھا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

