مہمند میں ماربل کی کان بیٹھ گئی، 14 مزدور جاں بحق

خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں ماربلز کی کان بیٹھ گئی جس کے باعث 14 مزدور دب کر جاں بحق ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق حبیب کے مطابق ماربل کی کان بیٹھنے کا واقعہ تحصیل صافی کے علاقے زیارت میں پیش آیا جہاں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔  ملبے سے 14 مزدوروں کی لاشیں اور 9کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔واقعے کے بعد پاک آرمی، ایف سی، پولیس اور ریسکیو ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

ڈپٹی کمشنر افتخار عالم کا کہنا ہے کہ حادثے میں مزید اموات کا خدشہ ہے اور صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سے امدادی کارروائیوں کےلیے ہیوی مشینری طلب کرلی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق پشاور اور چارسدہ سے ریسکیو کے اضافی اہلکار ضلع مہمند پہنچ گئے ہیں جہاں وہ سرچ اینڈ ریسکیو آلات کے ساتھ ہیوی مشینری اور ایمبولینسز کی مدد سے آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment