افغانستان کی صورت حال پر ہمسائیہ ممالک کا اجلاس آج ہوگا

افغانستان کی صورت حال پر ہمسائیہ ممالک کے وزرائے خارجہ کا ورچوئل اجلاس آج ہو رہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزرائے خارجہ کا ورچوئل اجلاس پاکستان کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ جب کہ چین، ایران، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔

اجلاس میں افغانستان کی تازہ صورت حال اور خطے پر اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔ افغانستان کے ہمسائیہ ممالک موجودہ صورت حال میں درپیش چیلنجز پر غور کریں گے۔ اجلاس سے افغانستان کی صورت حال میں ایک دوسرے کے مؤقف کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

پاکستان کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان محمد صادق کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن پورے خطے کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے اور موجودہ حالات میں یہ اجلاس ناگزیر ہے۔

Comments (0)
Add Comment