اسلام آباد: مدارس رجسٹریشن کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے اور حکومت نے اتحاد تنظیمات مدارس کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ بریک تھرو مولانا فضل الرحمان کی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران حاصل ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اتحاد تنظیمات مدارس کے تمام مطالبات منظور کرلیے ہیں۔ حکومت نے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 1860 کے تحت کی جائے گی۔
مزید یہ کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے تحت منظور کیے گئے مسودے پر نوٹیفکیشن چند دن میں جاری کیا جائے گا۔ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف سے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ہمارے مطالبات پر بہت مثبت جواب دیا ہے۔ انہوں نے وزارت قانون کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایات دی ہیں تاکہ آئین و قانون کے مطابق عملی اقدامات کیے جائیں۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے اچھی نیت سے بات کی ہے اور امید ہے کہ یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔ شاید اس معاملے کے لیے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی ضرورت نہ پڑے۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں صدر مملکت نے مدارس رجسٹریشن بل پر اعتراضات اٹھائے تھے، جس کے بعد یہ معاملہ زیر بحث آیا۔ صدر مملکت نے کہا تھا کہ اگر مدارس کو سوسائٹیز ایکٹ کے تحت رجسٹر کیا گیا تو ایف اے ٹی ایف اور جی ایس پی جیسے بین الاقوامی پابندیوں کا خدشہ ہے۔
اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو ڈیڈ لائن دی تھی اور وفاق المدارس سمیت اتحاد تنظیمات مدارس نے مطالبہ کیا تھا کہ مدارس رجسٹریشن بل پر فوری عمل درآمد کیا جائے اور تمام مسائل حل کیے جائیں۔