اسلام آباد: نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنے قیام کی پچیسویں سالگرہ نہایت شایانِ شان انداز میں نادرا ہیڈکوارٹر میں منائی۔ اس موقع پر ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی جس میں نادرا کی قانونی شناختی نظام اور قومی ڈیٹا بیس کے شعبے میں 25 سالہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
نادرا کے بانی چیئرمین میجر جنرل (ر) زاہد احسان نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے ادارے کے ابتدائی دنوں کی یادیں تازہ کرتے ہوئے نادرا کی تیز رفتار ترقی اور جدیدیت کی جانب سفر کو سراہا۔ یاد رہے میجر جنرل زاہد احسان اس وقت خیبر نیٹ ورک کے ساتھ بحیثیت وائس چئیرمین منسلک ہیں۔
تقریب کے دوران پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل (Dematerialized) شناختی کارڈ متعارف کرایا گیا۔ صدرِ مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے خصوصی تہنیتی پیغامات بھیجے، جس میں نادرا کی غیر معمولی کارکردگی کو سراہا گیا۔
اس تاریخی موقع کی مناسبت سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ایک یادگاری سکہ اور پاکستان پوسٹ کی جانب سے ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا گیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے نادرا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ شہریوں کو قانونی اور منفرد شناخت فراہم کرکے ریاست اور عوام کے درمیان سماجی معاہدے کو مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے نادرا پر زور دیا کہ ابھرتی ہوئی جدید ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لاتے ہوئے خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر اور شفاف بنایا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نادرا کے کردار کو شہریوں کو بااختیار بنانے کے عمل میں کلیدی قرار دیا۔ انہوں نے نادرا کی عالمی سطح پر شناخت اور ڈیٹا انضمام و مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں کامیابیوں کو سراہا اور کہا کہ ڈیجیٹل حل معیشت کے فروغ اور سماجی شمولیت کے لیے ناگزیر ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے ڈیجیٹل شناختی کارڈ کے اجراء کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب شہریوں کو شناختی کارڈ ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی، کیونکہ یہ سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں دستیاب ہوگی۔ جلد ہی عالمی بینک کے مالی تعاون سے جاری ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ (DEEP) کے تحت مختلف خدمات کے لیے ڈیجیٹل تصدیقی نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ مکمل ڈیجیٹل شناخت پر مبنی پائلٹ منصوبہ 14 اگست 2025 کو لانچ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نادرا کا ملک بھر میں پھیلا ہوا نیٹ ورک دور دراز علاقوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی شناختی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے نادرا کی گورننس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں معاونت کو قومی سلامتی اور انتظامی کارکردگی کے لیے اہم قرار دیا۔
تقریب میں سابق چیئرمین نادرا، بورڈ ممبران، اسپیشل سیکریٹری داخلہ، چیف اسٹیٹسٹیشن (پی بی ایس)، ڈی جی امیگریشن و پاسپورٹ، اور نادرا کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں نادرا کی 25 سالہ کارکردگی پر مبنی ایک ڈاکیومنٹری فلم اور ایک خصوصی کتاب کی تقریب رونمائی بھی شامل تھی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔