جوہانسبرگ میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت 36 رنز سے شکست دیکر سیریز 0-3 سے جیت لی ۔
جنوبی افریقہ کو ہوم گراونڈ پر پہلی بار وائٹ واش شکست کا سامنا کرنا پڑا ،جہاں پاکستان نے تینوں میچز میں شاندار کاکردگی دکھائی اور تینوں میچ اپنے نام کرلئے ۔
بارش سے متاثرہ میچ میں گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 47 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے، صائم ایوب 101 رنز کیساتھ نمایاں رہے، انہوں نے دو چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی، یہ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسری جبکہ اُن کے کیریئر کی تیسری سنچری ہے ۔
پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو عبداللہ شفیق مسلسل تیسرے میچ میں بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ، پھر صائم ایوب اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو بڑھایا، تاہم بابر اعظم 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔
اس کے بعد کپتان محمد رضوان نے 53 اورنائب کپتان سلمان آغا نے جارحانہ 48، طیب طاہر 28 ، محمد حسنین 4 جبکہ کامران غلام اور شاہین شاہ آفریدی بھی بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے ۔
جنوبی افریقہ کے کگیسوربادا نے 3، جینسین اور فوچیون نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں ۔
جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 42 ویں اوور میں 271 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جنوبی افریقہ کی جانب سے ہینرچ کلاسن 81 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے ۔
پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ نے 2، 2 محمد حسنین، صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، سفیان مقیم نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔
قومی ٹیم کے اوپنر بلے باز صائم ایوب میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔