خیبر پختونخوا کے میدانی اضلاع میں آئندہ چند دنوں کے دوران دھند اور سردی کی سخت لہر جاری رہنے کا امکان ہے۔
(پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کردیا ہے،جس کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، نوشہرہ، ہری پور، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت میدانی علاقوں میں دھند اور سردی کی سخت لہر برقرار رہنے کا امکان ہے
اسی طرح سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، بونیر سمیت پہاڑی علاقوں میں بھی سردی کی لہر جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاتی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کےمطابق ضلعی انتظامیہ حساس اضلاع میں مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائیں، حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے اور اس دوران ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے، سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیاجائے۔سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہپلپ لائن 1700 پر دیں۔