وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے اور پٹرول کے نرخ میں12 روپے فی لٹر کمی کا اعلان کر دیا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے اور پٹرول کی قیمت فی لٹر نئی قیمت 366 روپے ہو گئی، نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو چکا ہے ، جبکہ موٹرسایئکل، پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے لیے سبسڈی کی فراہمی بدستور جاری رہے گی ۔
اسلام آباد: قوم سے اپنے خطاب میں وزیراعظم شہبازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا، وزیراعظم کے اعلان کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق بھی ہو گیا ، جس کے تحت ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے اور پٹرول کی قیمت فی لٹر مئی قیمت 366 روپے ہو گئی ۔
اُنہوں نے کہا کہ آج اللہ کےفضل سےخلیج میں جنگ نہیں، امن کی باتیں ہو رہی ہیں، آج فریقین بات چیت کے لیے راضی ہو چکے ہیں، انتہائی اہم پیش رفت پر برادر ملک ایران اور امریکا کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے میری تجویز قبول کرتے ہوئے نہ صرف عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا بلکہ میری پرخلوص دعوت پر دونوں ممالک کی قیادت اسلام آباد آرہی ہے، پاکستان کو اللہ تعالی نے میزبانی کا شرف عطا فرمایا ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکا اور ایران کی قیادت پاکستان پہنچ رہی ہے، امریکہ اور ایران کی قیادت کو اسلام آباد آنے کی دعوت پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اُن کی ٹیم کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنگ کے شعلے بجھانے کیلئے تاریخ ساز کردار ادا کیا، یہ صرف پاکستان کے لیے نہیں،عالم اسلام کے لیے قابل فخر لمحہ ہے، اِس نازک موقع پر پاکستان کی قیادت نے انتہائی محتاط انداز میں اعتماد کا مظاہرہ کیا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ وعدہ تھا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کا فوری فائدہ عوام کو منتقل کریں گے، قیامت خیزمہنگائی کا طوفان آیا ہے، وعدہ کیا تھا تیل کی قیمتیں کم ہوں گی تو فوری فائدہ عوام کو منتقل کریں گے، آج عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کچھ کمی ہوئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم نےعوام کو 129 ارب کی سبسڈی دی، میں نے اوگرا کی تجاویز کو مسترد کر دیا ہے، ڈیزل کی قیمت میں135روپے اور پٹرول کی قیمت میں 12 روپے کمی کا اعلان کرتا ہوں ۔
اُن کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت کم ہو کر 366 روپے فی لٹر ہو جائے گی جب کہ ڈیزل کی قیمت 520 سے کم ہو کر385 روپے ہو جائے گی، موٹرسایئکل، پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے لیے سبسڈی کی فراہمی بدستور جاری رہے گی ۔
دوسری جانب وزارتِ توانائی کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 134 روپے 81 پیسے اور پٹرول کی قیمت میں 11 روپے 83 پیسے فی لٹر کمی ہوئی ۔

