خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی خالی جنرل نشست پر ضمنی انتخاب کے نتائج کا اعلان کردیا گیا، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار خرم ذیشان سینیٹر منتخب ہو گئے ۔
پشاور: غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق خرم ذیشان نے 91 ووٹ لیے جبکہ مسلم لیگ ن سمیت اپوزیشن جماعتوں کےمشترکہ امیدوار تاج محمد آفریدی 45 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔
اس حوالے سے پولنگ خیبر پختونخوا اسمبلی کے جرگہ ہال میں ہوئی جہاں 145 اراکین میں سے 137 اراکین صوبائی اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیے ۔
ضمنی انتخاب کے لیے ن لیگ کے حمایت یافتہ تاج محمد آفریدی اور پی ٹی آئی کے خرم ذیشان مدمقابل تھے، سینیٹ کی یہ نشست پاکستان تحریک انصاف کے شبلی فراز کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی ۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں اراکین کی کُل تعداد 145 ہے جبکہ سینیٹ کی خالی نشست پر کامیاب ہونے کے لیے 73 ووٹ درکار تھے، خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکومتی اراکین کی تعداد 92 جبکہ اپوزیشن اراکین کی تعداد 53 ہے ۔

