شیوا، شمالی وزیرستان (27 مارچ 2026) — تحصیل شیوا کے مکینوں نے علاقے میں فتنہ الخوارج کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز سے درخواست کی ہے کہ وہ علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے مؤثر آپریشن کریں۔ مقامی افراد نے کہا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے پیش نظر رضاکارانہ طور پر عارضی نقل مکانی کر رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق خوارج کی جانب سے پہلے بھی ایک پل کو تباہ کر کے سیکیورٹی فورسز کی آمد و رفت متاثر کرنے کی کوشش کی گئی، جبکہ اب پہاڑی علاقوں سے آ کر دہشتگردی کی کارروائیوں کے خدشات بڑھ گئے ہیں، جنہیں روکنا نہایت ضروری ہے۔
قبل خیل قبیلے کے عمائدین اور دیگر قبائلی مشران نے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سیکیورٹی حکام کے ساتھ جرگہ منعقد کیا، جس میں عوامی تحفظ کے لیے مکمل تعاون کا اعلان کیا گیا۔
مقامی عمائدین اور بے گھر ہونے والے افراد نے بھی سیکیورٹی فورسز سے اپیل کی ہے کہ خالی کیے گئے دیہات میں خوارج کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ علاقے کو دوبارہ محفوظ بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے علاقے میں امن کو خراب کرنے والے عناصر کے خلاف متحد رہیں گے اور کسی بھی شرپسند سرگرمی کو برداشت نہیں کریں گے۔

