وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ فوجی عدالتوں نے جن 25 افراد کو سزائیں سنائیں ان کی ویڈیوز بطور ثبوت موجود ہیں، ان افراد کی سزاؤں میں تاخیر’عدلیہ’ کی وجہ سے ہوئی، بانی پی ٹی آئی سمیت تحریک انصاف کے تمام افراد کرپشن میں ملوث ہیں ۔
لنندن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو منصوبہ بندی کے تحت دفاعی تنصیبات پر حملہ کیا گیا، اور بعدازاں سانحہ 9 مئی کے ملزمان کی سزا میں رکاوٹ ڈالی گئی ۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اس وقت جنرل باجوہ مائنس نوازشریف پروجیکٹ پر کام کر رہے تھے، بانی پی ٹی آئی جب اقتدار سے محروم ہوئے تو امریکا ’ایبسلوٹلی ناٹ‘ ہوگیا، اب وہ امریکا کے کندھوں پر سوار ہو کراقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ میں نوازشریف کی اجازت سے جنرل باجوہ سے ملا، اسوقت وہ مائنس نوازمنصوبے پر کام کررہے تھے، میاں نوازشریف کو مائنس کرنے کا منصوبہ پرانا تھا، اس پر عمل درآمد کر کے بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانا تھا ۔
وزیر دفاع نے کہا شوکت خانم اسپتال کے پیسے مسقط اور فرانس میں لگائے گئے، یہ بندہ (عمران خان) بے ایمان ہے، ان کے حواریوں کو معلوم ہونا چاہیے،عدالت جاتا ہوں تو بانی پی ٹی آئی کے وکلا بھاگ جاتے ہیں کیونکہ میرے پاس ثبوت ہیں، تاریخ کا حصہ ہے کہ یہ شخص چور ہے ۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ شہدا کی قسم اس ملک کے دفاع کو کوئی چیلنج نہیں کرسکتا، یہ شخص ایک طرف امریکا کو گالی دیتا ہے دوسری طرف پیر پکڑ لیتا ہے، ہم اس کے خلاف وائٹ پیپر لائیں گے ۔