پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے حقیقی معنوں میں مکمل انصاف اُس وقت ہوگا جب 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو آئین و قانون کے مطابق سزا ملے گی۔
واضح رہے کہ آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی عدالتوں نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث 25 ملزمان کو سزائیں سنا دی ہیں۔ پاک فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی 2023 کے پُرتشدد واقعات پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتے ہیں، سیاسی پروپیگنڈے، جھوٹ کا شکار بننے والے لوگوں کیلئے یہ سزائیں تنبیہ ہیں کہ مستقبل میں قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ نفرت، جھوٹ پر مبنی سیاسی بیانیے کی بنیاد پر مسلح افواج کی تنصیبات پر منظم حملے کیے گئے اور اُن کی بے حرمتی کی گئی، یہ پرتشدد واقعات پوری قوم کے لیے ایک شدید صدمہ ہیں، 9 مئی کے واقعات زور دیتے ہیں کسی کو سیاسی دہشتگردی کے ذریعے اپنی مرضی دوسروں پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، آئی ایس پی آر کے مطابق ۹ مئی کے تمام واقعات کی باریک بینی سے تفتیش کی گئی۔
شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ صحیح معنوں میں مکمل انصاف اُس وقت ہوگا جب 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو آئین و قانون کے مطابق سزا مل جائے گی، ریاست پاکستان 9 مئی کے واقعات میں مکمل انصاف مہیا کرکے ریاست کی عملداری کو یقینی بنائے گی۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ 9 مئی کے مقدمے میں انصاف فراہم کرکے تشدد کی بنیاد پر کی جانے والی گمراہ اور تباہ کُن سیاست کو دفن کیا جائے گا، 9 مئی واقعات پر کیا جانے والا انصاف نفرت، تقسیم اور بے بنیاد پروپیگنڈے کی نفی کرتا ہے، آئین اور قانون کے مطابق تمام سزا یافتہ مجرموں کے پاس اپیل اور دیگر قانونی چارہ جوئی کا حق ہے۔