اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایک بار پھر اپوزیشن کو مذاکرات میں تعاون کی پیشکش کی ہے اور کہا ہے کہ مذاکرات کریں،ہمارے دروازے کھلے ہیں، مگر لوگوں کو پکڑ کر نہیں کہہ سکتے کہ آئیں مذاکرات کریں۔
اسپیکرز کانفرنس کے اختتام پر چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے ایاز صاد ق نے کہا کہ اپوزیشن کی مرضی ہو گی تو ہم سہولت کاری کریں گے، حکومت کی کمیٹی بھی بن جائے گی تو بات چیت آگے چل پڑے گی اور راستہ بننا شروع ہو جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی آئے گا تو نا نہیں کریں گے، ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں کسی کو مذاکرات کے لیے زبردستی پکڑ کر نہیں لا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر کا عہدہ غیر جانبدار ہوتا ہے۔