اسلام آباد: سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبرپختونخوا (کے پی) میں الیکشن کے التوا سے متعلق کیس کی سماعت گزشتہ روز مکمل ہوگئی اور فیصلہ محفوظ کرلیا گیا جو آج کسی بھی وقت سنایا جائےگا۔ وزارت دفاع کی جانب سے سربمہر لفافےمیں رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی گئی ہے، رپورٹ میں انتخابات کے لیے فوج کی عدم دستیابی کی وجوہات بیان کی گئی ہیں۔
سپریم کورٹ پھر پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن جلدکرانےکا فیصلہ سنائےگی یا تمام اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ ہوں گے، سب کےلیے قابل قبول فیصلہ آئےگا یا سیاسی خلیج مزید بڑھےگی، تمام نظریں سپریم کورٹ کی جانب ہیں۔
سپریم کورٹ کے باہر سکیورٹی کے سخت ترین حفاظتی انتظامات کیےگئے ہیں، فیصلہ آج کسی بھی وقت سنائے جانےکا امکان ہے۔ سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر پنجاب اور کےپی کے انتخابات میں تاخیر کے مقدمے کا فیصلہ 6 سماعتوں کے بعد گزشتہ روز محفوظ کیا تھا۔