اسلام آباد: رینجرز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو گرفتار کرلیا۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا ہے، ذرائع کے مطابق نیب حکام کے پاس عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ موجود تھے۔
عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں احاطہ عدالت سے گرفتار کیا ہے، وہ آج عسکری اداروں کے خلاف بیان بازی پر ضمانت کیس میں پیشی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے تھے۔ آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، حالات معمول کے مطابق ہیں، اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی ہوگی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا نوٹس
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی گرفتاری پر پیش آنے والے واقعےکا نوٹس لے لیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے آئی جی اسلام آباد اور سیکرٹری داخلہ کو 15 منٹ میں طلب کرلیا اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو بھی 15 منٹ میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ چیف جسٹس نے ہدایت دی کہ ہدایات لے کر فورا بتائیں کہ یہ کام کس نے کیا ہے؟ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کارروائی کرنا پڑی تو وزیراعظم اور وزرا کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔