ڈالر ریٹ پر سرکاری کنٹرول ہٹانے کی دیر تھی کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے اپنا وفد پاکستان بھیجنے کا اعلان کردیا۔ پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ایسٹر پیریز نے کہا ہے کہ وفد 31 جنوری کو پاکستان آئے گا، 9 فروری تک پاکستان میں ہی رہے گا۔ ایسٹر پیریز نے کہا ہے کہ وفد پاکستان کی مالی پوزیشن بہتر بنانے پر بات کرے گا، سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات پر بھی بات ہو گی، انرجی سیکٹر میں گردشی قرضے کم کرنے کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ کرنسی مارکیٹ میں ایکسچینج ریٹ کے ذریعے کرنسی کی کمی دور کرنے پر بھی بات کی جائے گی۔ نویں جائزے کیلئے آئی ایم ایف کا وفد 31 جنوری کو پاکستان آکر 9 فروری تک یہیں رہے گا۔ خیال رہے کہ ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 255 روپے کو چھو گیا ہے۔