انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں احمد آباد میں مد مقابل تھیں، اسٹیڈیم میں سوا لاکھ شائقین نے فیصلہ کن معرکہ دیکھا۔
آسٹریلیا نے 241 رنز کا ہدف 4 وکٹوں پر 42 گیندیں قبل حاصل کرلیا، ٹریوس ہیڈ نے 120 گیندوں پر 137 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جسمیں 4 چھکے اور 15 چوکے شامل تھے، مارنس لیبوشین 58 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ آسٹریلوی بیٹرز میں ڈیوڈ وارنر 7، مچل مارش 15، اسٹیو اسمتھ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ گلین میکس ویل نے 2 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔
آسٹریلیا نے چھٹی مرتبہ ورلڈ کپ اپنے نام کیا ہے، بھارتی ٹیم اب تک ناقابل شکست تھی، اس نے گروپ کے 9 میچز میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی۔ آسٹریلیا نے ورلڈکپ کے فائنل میں ٹورنامنٹ کی ناقابل شکست اور میزبان ٹیم بھارت کو 6 وکٹوں سے ہرایا، کینگروز نے 1987، 1999، 2003، 2007، 2015 اور اب 2023 میں مینز ورلڈکپ جیتا ہے جبکہ بھارتی ٹیم نے 1983 اور 2011 میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
فائنل معرکے میں آسٹریلوی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے جبکہ میزبان بھارتی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، بھارتی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں240 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 240 رنز بنائے ، اوپنر شبمن گل 4 رنز کی اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان روہت شرما نے 47 رنز کی اننگ کھیلی اور شریاس ائیر صرف 4 رنز بنا سکے۔ بھارت کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ویرات کوہلی تھے جنہوں نے 54 رنز کی اننگ کھیلی۔
بھارتی ٹیم کا پانچواں نقصان 178 رنز کے مجموعے پر ہوا جب رویندر جڈیجہ 9 رنز کی اننگ کھیل کر پویلین لوٹ گئے جبکہ چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کے ایل راہول تھے جو 66 رنز بناسکے۔ میزبان ٹیم کا ساتواں نقصان 211 رنز پر ہوا جب محمد شامی 6 سکور بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ آٹھویں وکٹ 214 رنز پر گری اور جسپریت بمراہ صرف ایک سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ دیگر دو بیٹرز میں کلدیپ یادیو 10 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ محمد سراج نے ناقابل شکست 9 رنز کی اننگ کھیلی۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے تین، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ویرات کوہلی کو ایونٹ میں 3 سنچریاں اسکور کرنے پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔