Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

آزادی مارچ سے کیسے نمٹا جائے؟ وزیر اعظم نے اہم اجلاس طلب کر لیا

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے نمٹنے کے لیے پارٹی ارکان کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، اجلاس آج سہ پہر 3 بجے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے آج سہ پہر پارٹی ارکان کا اہم اجلاس طلب کیا ہے، اجلاس میں ارکان سے آزادی مارچ سے نمٹنے کے لیے تجاویز لی جائیں گی۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تحریک انصاف آزادی مارچ سے متعلق حکمت عملی بنائے گی، اجلاس میں سیاسی، معاشی معاملات، اور مہنگائی سے متعلق فیصلوں کا بھی امکان ہے۔

علاوہ ازیں، وزیر اعظم دورۂ سعودی عرب، ایران اور چین پر بھی ارکان کو اعتماد میں لیں گے، تنظیم سازی، صوبائی تنظیموں کو تحلیل کرنے کا معاملہ بھی اجلاس میں زیر غور آئے گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 12 مارچ کو وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ آزادی مارچ پر بات چیت کا آپشن کھلا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام سے بات چیت کے لیے کمیٹی کی فی الحال ضرورت نہیں، اگر کوئی خود مدرسہ ریفارمز سمیت تمام اہم ایشوز پر بات کرنا چاہے تو ہمارے دروازے بند نہیں۔

یہ بات انھوں نے حکومتی ترجمانوں کا اجلاس میں کہی تھی، جس میں جے یو آئی ف کا آزادی مارچ اور دھرنا زیر غور آیا تھا، عمران خان نے حکومتی ترجمانوں پر واضح کیا کہ کسی کو قانون توڑنے کی اجازت نہیں دیں گے خلاف ورزی کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.