اینٹی نارکوٹکس فورس نے پاکستان پہنچنے والے 9 افغان باشندوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں ہیروئن آئس اور دیگر منشیات برآمد کرلی۔ ترجمان اینٹی نارکوٹس فورس کے مطابق اے این ایف اور ایف سی کی مشترکہ کارروائی میں افغانستان سے خیبر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی۔
ترجمان کے مطابق افغانستان سے طورخم بارڈر کے راستے پاکستان پہنچنے والے 9 افغان باشندوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی جس میں 3 افغان باشندوں کے قبضے سے 36 کلو 500 گرام آئس، 8 کلو 580 گرام مشکوک مواد اور 7 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزمان حیدر خان، عصمت اللہ اور ساتھی کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے نجی کوریئر آفس میں 2 مختلف کارروائیاں کی گئیں جن میں لندن بھیجے جانیوالے جیکٹس کے پارسل سے 230 گرام مشکوک مواد برآمد کیا گیا جب کہ دبئی بھیجنے کیلئے بک پارسل سے 10 گرام آئس برآمد ہوئی۔
ترجمان کے مطابق برآمد شدہ منشیات واسکٹ میں چھپائی گئی تھی، ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔