سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں سے مختلف حادثات میں 27 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ کے مطابق سندھ میں7 سے 23 جولائی تک بارشوں سے مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق افراد میں 5 بچے، 6 مرد اور 1 خاتون شامل ہے۔ پی ڈی ایم اے سندھ کے مطابق تھرپارکر میں 8 اور بدین میں 4 افراد جاں بحق ہوئے، مختلف حادثات میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے،جن کا تعلق بدین سے ہے۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے میں 2 دنوں کے دوران بارشوں، سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ سے 9 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہےکہ مجموعی طور پر 9 گھر مکمل تباہ ہوئے اور 78گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
صوبائی سیکرٹری محکمہ ریلیف کے مطابق چترال، شانگلہ اور بنوں میں بارشوں اور سیلاب سے زیادہ نقصانات ہوئے،متاثرہ اضلاع کے لیے6 کروڑ روپے جاری کردیےگئے، چترال اپر اور چترال لوئر کو 2 ،2 کروڑ روپے جاری کیے، بنوں اور شانگلہ کے لیے ایک، ایک کروڑ روپے جاری کیے۔
دوسری جانب بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورت حال ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق آواران کے علاقوں میں بارش کے بعد مقامی ندی میں پانی کا بہاؤ تيز ہوگيا،حفاظتی بند ٹوٹنےکا بھی خدشہ ہے۔