پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے بجلی چوری کے خلاف آپریشن اور بقایاجات کی ریکوری کا فیصلہ کرلیا۔ نگران صوبائی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ضلع اور تحصیل کی سطح پر کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، بجلی چوری اور غیرقانونی کنڈا مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ صوبائی سطح پر ٹاسک فورس کے سربراہ سیکرٹری داخلہ ہوں گے، ٹاسک فورس اور کمیٹیاں بجلی چوری روکنے اور بقایاجات کی وصولی میں کردار ادا کریں گی جب کہ پولیس کی مدد سے بجلی کےغیرقانونی کنکشنز ہٹائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی ہدایت پر ملک بھر میں بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے۔
سیکرٹری توانائی راشد لنگڑیال نے ایک بیان میں کہا کہ بجلی چوروں کیخلاف آج سے کریک ڈاؤن شروع ہوگیا ہے، کریک ڈاؤن میں تمام چیف سیکرٹریز اور آئی جی پولیس کا تعاون ہے، ہمیں معلوم ہے چوروں کے خلاف یہ مہم آسان نہیں لیکن ناکامی کی کوئی کنجائش نہیں ہے۔