Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹس میں زیرالتواء نیب مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں

سپریم کورٹ نے ملک بھر کے ٹرائل کورٹس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے زیر التواء مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔ کرپشن کیس میں گرفتار اللہ ڈنو بھائیو کی ضمانت کی درخواست پر سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔

ملزم اللہ ڈنو کے وکیل نے استدعا کی کہ ملزم نیب کی حراست میں ہے، اس کی طرف سے آدھی رقم جمع کراتے ہیں لہٰذا ضمانت دی جائے۔  جسٹس مشیر عالم نے استفسار کیا کہ ملک بھر کی ٹرائل کورٹس میں نیب کے مقدمات پر سماعت تاخیر کا شکار کیوں ہیں؟ وجوہات پر مبنی رپورٹ بھی جمع کرائی جائے۔ جسٹس مشیرعالم نے کہاکہ ابھی ضمانت نہیں دیتے، پہلے ریکارڈ منگوا کر دیکھتے ہیں کہ ٹرائل کورٹس میں تاخیر کیوں ہورہی ہے۔ عدالت نے اللہ ڈنو بھائیو کی درخواست ضمانت پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

خیال رہے کہ احتساب عدالتوں میں ملک کی سیاسی شخصیات کے کیسز بھی زیرسماعت ہیں جن میں سابق وزرائے اعظم شاہد خاقان عباسی اور راجہ پرویز اشرف، سابق صدر آصف زرداری اور دیگر شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.