وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مذاکرات کے لیے اگر عمران خان سنجیدگی ظاہر کریں گے تو قیادت مثبت جواب دے گی، سب سے پہلے عمران وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کریں، الیکشن سے بھاگنے والوں میں سے نہیں، اکتوبر میں ہی انتخابات ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ نے امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر اب عمران خان سے مذاکرات کیے تو شہدا کے لواحقین کی جانب سے سخت ردِعمل آئے گا۔ لیکن اس کے باوجود عمران خان سنجیدہ ہیں تو وہ شہباز شریف سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ نو مئی واقعات کے دوران شر پسند عناصر جناح ہاؤس سے، جو کور کمانڈر کا گھر بھی ہے، لیپ ٹاپ اور دیگر حساس دستاویزات بھی لوٹ کر لے گئے ہیں جنہیں فوج ہی برآمد بھی کرے گی۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ شہدا کے خاندانوں میں اس قدر ردِعمل پایا جاتا ہے کہ اندیشہ ہے کہ اگر ہم کسی بھی شکل میں عمران خان کے ساتھ مذاکرات میں بیٹھ گئے تو ہمیں بھی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔نو مئی کے واقعات میں عمران خان فوجی تنصیبات پر حملوں کے منصوبہ ساز پائے گئ تو مقدمہ فوجی عدالت میں چلے گا۔ پی ٹی آئی کی جیل میں خواتین کیساتھ بدسلوکی کے الزامات صرف پروپیگنڈہ ہیں۔