Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ملک میں کورونا سے ہلاکتیں 107 ہوگئیں، مجموعی کیسز 5996 تک جا پہنچے

پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 107ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 5996 تک پہنچ گئی۔ ملک میں ہونے والی 107 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ ہلاکتیں خیبر پختونخوا میں 38، سندھ میں 35، پنجاب میں 28 ، بلوچستان میں 2، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

آج کے کیسز کی صورتحال

آج بروز بدھ اب تک ملک میں کورونا کے مزید 12 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے اسلام آباد میں 9 اور آزاد کشمیر سے 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا کے مزید 9 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 140 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر سے آج اب تک کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔ پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 46 ہوگئی ہے تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

سندھ

سندھ میں بروز منگل کورونا وائرس کے مزید 66 کیسز سامنے آئے اور 4 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کی۔ صوبے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 1518 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 35 ہوگئی ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں منگل کو کورونا کےمزید 289 کیسز اور 4 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 2945 ہوگئی ہے جب کہ 28 افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مطابق صوبے میں 701 زائرین، رائے ونڈ قرنطینہ میں 1055 تبلیغی ارکان، 1100 عام شہری اور 89 قیدی کورونا میں مبتلا ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں منگل کو 17 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 248 ہوگئی۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق وائرس کے شکار مریضوں میں 18 ڈاکٹرز اور 3 پیرامیڈکس بھی شامل ہیں۔ محکمہ صحت کا بتانا ہےکہ بلوچستان میں کورونا کے 124مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ صوبے اب تک کورونا سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں منگل کو 65 نئے کیسز اور تین اموات سامنے آئیں جس کے بعد کل ہلاکتوں کی تعداد 38 ہوگئی جب کیسز کی مجموعی تعداد 865 ہوگئی۔ صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ صوبے میں مزید 25 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد مہلک وائرس سے جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 178 ہوچکی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں منگل کو کورونا کا ایک کیس رپورٹ ہوا جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 234 ہو گئی۔ گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 175 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے بعد ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا۔  تاہم تعمیراتی صنعت کے ساتھ کیمیکلز مینوفیکچرنگ پلانٹس، ای کامرس، پیپر، سیمنٹ، فرٹیلائزرز، مائنز، منرلز، لانڈری ، ڈرائی کلیننگ اور دیگر انڈسٹریز کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.