Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا

سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تمام شعبوں میں چت کرکے 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹ پر 130 رنز بنائے۔

میچ میں پاکستان کی جانب سے باؤنڈریز کی تعداد  کم رہی، پورے میچ میں ایک بھی چھکا نہیں لگا اور  ٹیم نے مجموعی طور پر میچ میں 15 چوکے لگائے۔

پاکستان کی اننگز:

قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم 21، رضوان 16، شان مسعود 14، شاداب 8 اور حیدر علی 8 رنز بناکر پویلین لوٹے ۔

پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد  27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، محمد  نواز  صفر اور وسیم جونیئر 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔آصف علی نے 25 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر  پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی،حارث رؤف کی جگہ نسیم شاہ کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا۔

نیوزی لینڈ کے ٹم سودھی، مچیل سینٹنر اور مائیکل بریس ویل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ایش سوڈھی ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی اننگز:

131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز فن ایلن اور ڈیون کونوے نے اننگز کا آغاز کیا اور بڑی پارٹنرشپ قائم کی، دونوں اوپنرز نے پاکستان بولرز کی خوب دھلائی کی اور117 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 117 رنز پر گری جب فن ایلن کو شاداب خان نے 62 رنز پر آؤٹ کیا،نیوزی لینڈ نے 23 گیندوں قبل ہدف حاصل کیا، ڈیون کونوے 49 اور کین ولیمسن 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے صرف شاداب خان ہی ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں سہ فریقی سیریز میں آج اپنا تیسرا میچ کھیلا،گرین شرٹس نے اپنے پہلے میچ میں بنگلادیش کو مات دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں کیویز کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.