انطالیہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف کوپ -31 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ کے شہر انطالیہ کے مرکزی کانفرنس ہال پہنچے.
ترک صدر رجب طیب اردوان اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزیر اعظم پاکستان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر تینوں رہنماؤں کے درمیان کچھ دیر گفتگو ہوئی۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کی کانفرنس میں شرکت کا خیرمقدم کیا۔
بعد ازاں کوپ -31 سربراہی اجلاس میں شریک دنیا بھر سے آئے ہوئے سربراہانِ مملکت و حکومت نے ترک صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ہمراہ گروپ فوٹو بنوایا۔
اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کانفرنس میں شریک عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، مصافحہ کیا اور خیرسگالی کے تبادلے کیے۔
کانفرنس میں 90 سے زائد ممالک کے سربراہانِ مملکت و حکومت سمیت 197 ممالک کے مندوبین، سائنسدان، ماہرین، مالیاتی اداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔
عالمی کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات، عالمی حدت میں کمی، گلیشیئرز کے پگھلاؤ، گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج اور صاف توانائی کے فروغ سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
کانفرنس کے ایجنڈے میں ترقی پذیر ممالک، بالخصوص پاکستان جیسے موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کی معاونت کے لیے ترقی یافتہ ملکوں کی جانب سے 300 ارب ڈالر کے فنڈ کے قیام کے وعدے کو عملی جامہ پہنانے کے لائحہ عمل پر غور بھی شامل ہے۔

