Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ویکسینیشن نہ کرانے والوں کے خلاف آج سے نئی پابندیوں کا امکان

اسلام آباد: حکومت نے ویکسینیشن نہ کرانے والوں پر یکم ستمبر (آج) سے مزید پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دے دیا۔  نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) 17 سال سے زائد عمر کے لوگوں کو ویکسین اور بدھ (آج) سے بیرون ملک سفر کرنے کے خواہشمند افراد کو بوسٹر شاٹس دینا شروع کرے گا۔ دوسری جانب ملک بھر میں ایک ہی دن میں 14 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراکیں لگائی گئیں۔

علاوہ ازیں وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز (این ایچ ایس) نے برطانیہ کی جانب سے ریڈ لسٹ میں پاکستان کو شامل رکھنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ اگست میں کوئی بیٹا ویریئنٹ کیس سامنے نہیں آیا اور مریضوں کی مجموعی تعداد اور مثبت تناسب ایران اور عراق جیسے ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں بہت کم ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 24 اگست کو حکومت نے کووڈ 19 ویکسینیشن کے لیے کم از کم عمر 18 سال سے کم کرکے 15 سال کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اعلان کیا تھا کہ وہ 17 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کو یکم ستمبر سے خوراکیں لگانا شروع کردے گی۔

کئی دیگر فیصلے بھی لیے گئے جس کی وجہ سے لوگوں کے لیے اکتوبر کے وسط تک بغیر ویکسینیشن افراد کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوجائے گا۔

این ایچ ایس وزارت کے ترجمان ساجد شاہ نے کہا کہ 17 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو 15 ستمبر تک ویکسین کی ایک خوارک لگوانی ہوگی اور 15 اکتوبر تک مکمل طور پر ویکسین کرنی ہوگی ورنہ انہیں تعلیمی اداروں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ کمزور مدافعتی نظام سے دوچار ہیں اور 12 سال سے زائد عمر کے ہیں وہ اپنا میڈیکل ریکارڈ دکھانے کے بعد منتخب ویکسینیشن مراکز میں ٹیکے لگواسکتے ہیں، والدین کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو ویکسین ملنے کو یقینی بنائیں۔

ساجد شاہ نے کہا کہ بدھ (آج) سے کم از کم جزوی طور پر ٹیکے لگانے والے ٹرانسپورٹرز کو طلبہ کو لینے اور چھوڑنے کی اجازت دی جائے گی اور 30 ستمبر سے صرف مکمل طور پر ٹیکے لگائے جانے والے افراد ہی اپنا ٹرانسپورٹ کا کاروبار جاری رکھ سکیں گے جو طلبہ اور اسکول سے متعلقہ دیگر سامان کو فراہم کرتا ہے۔

اسی طرح انہوں نے کہا جزوی طور پر ٹیکے لگائے گئے لوگ شاپنگ مالز میں داخل ہو سکتے ہیں اور کام کر سکتے ہیں لیکن انہیں 30 ستمبر تک مکمل طور پر ویکسین کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اگست کے آغاز سے ہی ہوائی سفری پابندیاں پہلے سے موجود ہیں اور جنہوں نے ویکسین کی ایک خوراک لگوائی ہے وہ اندورن ملک فضائی سفر کر سکتے ہیں۔

این سی او سی کے ترجمان نے کہا کہ تاہم 30 ستمبر کے بعد صرف مکمل طور پر ویکسین والے افراد ہی اندورن اور بیرون ملک فضائی سفر کرسکیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.