Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 8519 تک پہنچ گئی

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 9 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 176 ہو گئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 8519 تک پہنچ گئی۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے گزشتہ روز 10 افراد جاں بحق ہوئے تھے جب کہ آج مزید 7 مریض انتقال کر گئے ہیں، ایک مریض پنجاب میں اور ایک شخص کا انتقال وفاقی دارالحکومت میں ہوا۔ملک میں مزید 9 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 176 ہو گئی ہے جس میں سے خیبرپختونخوا میں 67، سندھ میں 56، پنجاب میں 42، بلوچستان میں 5، گلگت میں 3 اور  اسلام آباد میں 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

آج کے کیسز کی صورتحال

آج اب تک ملک میں 108 مزید افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 8519 ہو گئی ہے۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرہ مزید ایک شخص دم توڑ گیا جس کے بعد صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 42 ہو گئی ہے جب کہ صوبے میں مریضوں کی تعداد 3822 ہے۔۔

سندھ

اتوار کے روز صوبہ سندھ میں مزید 8 افراد مہلک وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی کی۔ صوبے میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 56 ہو گئی ہے جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 2537 ہو گئی ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں مزید 7 افراد کورونا وائرس سے جنگ ہار گئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 67 ہو گئی ہے جب کہ مزید 98 افراد میں وائرس کی تصدیق کے بعد مریضوں کی تعداد 1235 ہو گئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں اتوار کو مزید 56 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 432 ہوگئی ہے۔صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آج 270 رپورٹس موصول ہوئیں جن میں سے 56 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد کا تعلق کوئٹہ، مستونگ، جعفر آباد، چمن اور سبی سے ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ ایک شخص انتقال کر گیا جس کے بعد اسلام آباد میں جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہو گئی ہے جب کہ مزید 10 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور اس طرح وفاقی دارالحکومت میں متاثرہ افراد کی تعداد 181 ہو گئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں اتوار کو مزید 6 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 263 ہو گئی جب کہ اب تک 194 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق گلگت میں زیر علاج افراد کی مجموعی تعداد 66 رہ گئی ہے اور صحتیابی کا تناسب 73 فیصد سے زائد ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں بھی اتوار کو ایک شخص میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 49 ہوگئی۔آزاد کشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی کے مطابق آزاد کشمیر میں اب تک مہلک وائرس سے 9 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 40 افراد زیرعلاج ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.