پشاور میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق پشاور کے تینوں تدریسی اسپتالوں لیڈی ریڈنگ، خیبر ٹیچنگ اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کے لیے بیڈز مختص کیے گئے ہیں۔ جہاں ڈینگی سے متاثرہ 50 سے زیادہ مریض زیر علاج ہیں۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پشاور میں مجموعی طور پر ڈینگی کے7 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، صوبے کے مختلف اضلاع کی نسبت پشاور میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
صوبے میں مجموعی طورپر ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 18 ہزار سے تجاوز کرچکی جبکہ ڈینگی سے 15 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب پشاور میں ڈینگی کیسز کی شرح میں اضافے کے بعد مارکیٹ میں ڈینگی بخار میں استعمال ہونے والی بیشتر ادویات یا تو ناپید ہوگئی ہیں اور اگر دستیاب بھی ہیں تو ان کی قیمتوں میں دو گنا اضافہ ہوا ہے۔