چمن میں پاک افغان بارڈرباب دوستی پر افغان حدود سے ہونے والی فائرنگ کے باعث ایک ایف سی اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔ لیویز حکام کے مطابق فائرنگ کےبعد پاک افغان سکیورٹی اہلکاروں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کےدوران باب دوستی سے آنے جانے والے پیدل شہریوں میں بھگدڑ مچ گئی۔
لیویزحکام کا کہنا ہےکہ پاکستانی حکام نے فائربندی کے لیے افغان حکام سے رابطہ کیا ہے، واقعے کے بعد باب دوستی تجارت اور پیدل آمدورفت کے لیے بند کردیا گیا ہے، جس سے سرحد کی دونوں جانب مال بردار ٹرک اور شہری پھنس گئے ہیں۔ لیویز حکام کے مطابق باب دوستی پر پاکستان اور افغان حکام کے درمیان فلیگ میٹنگ ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہےکہ حملہ آوروں کی حوالگی تک باب دوستی بند رہےگا۔
اس حوالے سے افغان حکام کا کہنا ہےکہ حملہ آور طالبان کے بھیس میں نامعلوم دہشت گرد تھے، ان کی تلاش جاری ہے۔دوسری جانب کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ افغان حدود سے فائرنگ کے باعث کسٹم ہاؤس خالی کیا جا رہا ہے،کسٹم اور امیگریشن اسٹاف کو فوری طور پر نکال دیا گیا ہے۔ ادھر ڈپٹی کمشنر چمن حمید زہری کا کہنا ہےکہ پاک افغان بارڈر باب دوستی غیر معینہ مدت تک بند رہےگا۔