اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے چوہدری شجاعت کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کے معاملے کا فیصلہ سنادیا۔ الیکشن کمیشن نے چوہدری شجاعت حسین کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے سناتے ہوئے کمیشن نے ورکنگ کمیٹی کی کارروائی کو کالعدم قراردیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا ہےکہ چوہدری شجاعت (ق) لیگ کے صدر برقرار رہیں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت سے ہٹادیا گیا تھا۔ مسلم لیگ ہاؤس ڈیوس روڈ میں (ق) لیگ کا مشاورتی اجلاس کے دوران چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی کی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ان کی جگہ ان کے بھائی چوہدری وجاہت حسین کو (ق) لیگ کا صدر مقرر کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ طارق بشیر چیمہ کو ہٹاکر کامل علی آغا کو پارٹی کا مرکزی سیکرٹری جنرل بنایا گیا۔