صدر مملکت آصف علی زرداری نے 11ویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) تشکیل دے دیا، تاکہ قابل تقسیم وسائل کی مرکز اور صوبوں کے درمیان تقسیم کے لیے نئے ایوارڈ کا اعلان کیا جا سکے، جس کا چیئرمین وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو مقرر کیا گیا ہے ۔
اسلام آباد: فنانس ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل(1) 160 کے تحت 11واں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کو تشکیل دیدیا ۔
نوٹیفکشن کے مطابق گیارہواں قومی مالیاتی کمیشن 9 ارکان پر مشتمل ہے، وفاقی وزیر خزانہ اس کے چیئرمین جبکہ چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ کمیشن کے ارکان میں شامل ہوں گے ۔
اسی طرح کمیشن کے دیگر اراکین میں پنجاب سےناصر محمود کھوسہ، سندھ سے ماہر معاشیات ڈاکٹر اسد سید، خیبر پختونخوا سے ڈاکٹر مشرف رسول اور بلوچستان سے فرمان اللہ کو رکن مقرر کیا گیا ہے ۔
جاری نوٹیفکشن کے تحت وفاقی وزارت خزانہ کمیشن کے لیے سیکریٹریٹ سپورٹ فراہم کرے گی، قومی مالیاتی کمیشن وسائل کی تقسیم سے متعلق اپنی سفارشات، وفاق اور صوبوں کے درمیان مالیاتی وسائل کی تقسیم پر تجاویز دے گا ۔
کمیشن صوبوں اور وفاق کے درمیان اخراجات کا جائزہ اور قومی نوعیت کے بڑے منصوبوں سے متعلق اپنی تجاویز پیش کرے گا، وفاقی وزارت خزانہ قومی مالیاتی کمیشن کے لیے سیکریٹریٹ سپورٹ فراہم کرے گی ۔