کوئٹہ: بلوچستان کے نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہےکہ افغان طالبان کے کمانڈر دہشتگردوں کی مدد کررہے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جان اچکزئی نےکہا کہ افغانستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں اور اس بات کے ثبوت ہیں کہ افغانستان میں موجود ان پناہ گاہوں کا پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کی کارروائیوں سے تعلق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان پناہ گاہوں کی طرف جانےکی ضرورت ہے جہاں سے یہ نیٹ ورک آپریٹ ہوتے ہیں، افغان طالبان کے کمانڈر دہشتگردوں ک ہر طرح سے مدد کررہے ہیں، یہ دہشتگرد پاکستان کا بارڈر عبور کرکے حملہ کرتے ہیں، ہمیں دہشتگردی سے متعلق کوئی حکمت عملی بنانی ہوگی، انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو امریکی اسلحہ فراہم کیا جارہا ہے۔
نگران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کا یہ نیٹ ورک کا پاکستان کے اندر آپریٹ کرر ہا ہے، ڈی آئی خان میں جو حملہ ہوا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ دہشتگردی کا یہ نیٹ ورک منظم ہے۔