فاسٹ بولر خرم شہزاد انجری کے باعث آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر
فاسٹ بولر نے پہلے ٹیسٹ کے دوران بائیں پسلی میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔
پی سی بی اسپیشلسٹ سے کنسلٹ کرنے کے بعد آئندہ کا پلان طے کرے گا جس کے بعد فاسٹ بولر کا این سی اے میں رہیب شروع کیا جائے گا۔
پاکستانی بیٹر سعود شکیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے خرم شہزاد سیریز سے باہر ہوئے، میر حمزہ اور حسن علی کے پاس اچھا موقع ہے، امید ہے میلبرن میں بابر اچھی اننگز کھیل کر واپس فارم میں آئیں گے۔
آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیم نے میلبرن میں پریکٹس کی۔
خرم شہزاد نے اپنےڈیبیو ٹیسٹ میں 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔انہوں نے پہلے ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 38 اوورز کرائے تھے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبرن میں کھیلا جائے گا، آسٹریلیا کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔