پا کستان میں افغانستان سے لائے جانے والے غیر ملکی اسلحے کے استعمال کے ثبوت سامنے آگئے۔
تفصیلات کے مطابق 31 دسمبر 2023کو ضلع باجوڑ میں پاک افغان سرحد پار کرنے کی کوشش کرنے والے 3 دہشتگردوں کو سیکورٹی فورسز نے جہنم رسید کیا تھا۔ ہلاک دہشتگردوں سے بھی امریکی ساختہ سمیت غیرملکی اسلحہ برآمد ہوا۔
29 دسمبر کو شمالی وزیرستان کے شہر میر علی میں ہلاک شدہ دہشتگردوں سے غیرملکی اسلحہ برآمد ہوا تھا۔ یاد رہے میر علی آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر راہزیب کھورے سمیت پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔
4 نومبر کو میانوالی ائیر بیس پر حملے،12 دسمبر کو ڈیرہ اسماعیل خان اور15 دسمبر کو ٹانک میں دہشتگردوں کے حملوں میں بھی غیرملکی اسلحہ استعمال ہونے کے شواہد سامنے آئے تھے۔
یہ ثابت ہو چکا ہے کہ ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کو افغانستان میں غیر ملکی بالخصوص امریکہ کا چھوڑا ہوا اسلحہ میسر ہے۔ ٹی ٹی پی کو ہتھیاروں کی اس فراہمی نے علاقے کی سلامتی کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور پاکستان میں دہشتگردی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ایک غیر ملکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کی کارروائیوں میں امریکی ساختہ اسلحے کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ تمام حقائق اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ افغان عبوری حکومت نہ صرف ٹی ٹی پی کو مسلح کر رہی ہے بلکہ دیگر دہشت گرد تنظیموں کے لیے محفوظ راستہ بھی فراہم کر رہی ہے۔