سوات میں نابالغ لڑکی سے شادی کرنے والا 70 سالہ شخص گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر سوات میں پولیس نے پیر کے روز ایک 70 سالہ شخص کو 13 سالہ لڑکی سے شادی کرنے پر گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق سوات میں 13 سالہ لڑکی کی شادی اس کے والد نے 70 سالہ شخص سے کردی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس آگئی اور نابالغ لڑکی کے دولہے اور والد کو حراست میں لے لیا۔
نکاح خواں اور شادی کے گواہوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ اس دوران نابالغ لڑکی کو اس کے میڈیکل کے لیے اسپتال بھیجا گیا۔کم عمری کی شادی کا رواج آئین پاکستان میں درج بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے، جو ریاست کو تمام شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کی حفاظت کا حکم دیتا ہے۔
پاکستان کے موجودہ قانون کے تحت، 1929 کا فرسودہ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ، لڑکیوں کے لیے شادی کی کم از کم عمر 16 اور لڑکوں کے لیے 18 سال مقرر کرتا ہے۔خیبرپختونخوا (کے پی) کے قانون سازوں نے شادی کی کم از کم عمر 18 سال کرنے کی متعدد بار کوششیں کی ہیں لیکن قدامت پسند گروپوں کی مزاحمت کے خوف سے ان کی کوششیں تعطل کا شکار ہیں۔