اسلام آباد: (تحسین اللہ تاثیر) سیشن عدالت نے توہین رسالتﷺ، توہین قرآن کے مشہور کیس کا فیصلہ سنادیا گیا، عدالت نے مجرم کو ایک بار پھانسی، ایک بار عمر قید اور 20 سال قید کی سزا سنا دی۔
راولپنڈی کی سیشن عدالت کے جج خالد محمود چیمہ نے ایف آئی اے کے توہین رسالت اور توہین قرآن اور مقدس ہستیوں کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کے مقدمے کی سماعت کی۔
عدالت نے جرم ثابت ہونے پر توہین رسالت کے جرم میں دفعہ 295 سی کے تحت مجرم کو سزائے موت اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، عدالت نے مجرم کو 295 بی توہین قرآن کے جرم میں عمرقید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی دی ، عدالت نے مجرم کو 295 اے کے تحت توہین آمیز کلمات پر 10 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی۔
فیصلے کے مطابق مجرم کو 298 اے مقدس ہستیوں کے خلاف توہین آمیز کلمات پر تین سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی دی گئی، پیکا ایکٹ 2016ء کے تحت 7 سال قید 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
عدالت نے قرار دیا کہ مقدس ہستیوں، مقدس کتاب کی توہین کسی بھی صورت ناقابل برداشت ہے، یہ انتہائی گھناوٴنا جرم ہے جس میں رعایت کا سوچا بھی نہیں جاسکتا، ملزم کسی بھی قسم کی رعایت، رحم دلی اور چھوٹ کا کسی طور حق دار نہیں ہے۔