لاہور: محکمہ انسداد دہشتگردی پنجاب کے ڈی آئی جی عثمان اکرم گوندل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب نے القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی کو پنجاب کے شہر گجرات سے گرفتار کر لیا ہے۔
عثمان اکرم گوندل کا کہنا تھا کہ انتہائی مطلوب دہشتگرد کو انٹیلی جنس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کرنے کے بعد فوری طور پر گرفتار کرلیا۔
انھوں نے کہا کہ گرفتار ہونے والا دہشتگرد امین الحق القاعدہ کا سرکردہ جنگجو ہے،گرفتار دہشتگرد امین الحق کا نام اقوام متحدہ کی عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں بھی شامل ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ امین الحق کی گرفتاری کے بعد مقدمہ درج کر کے ان کے خلاف تفتیش شروع کر دی ہے۔
عثمان گوندل کا کہنا تھا کہ دہشتگرد امین الحق 2007 میں گرفتار ہوا تھا اور اس نے 4 سال سزا کاٹی تھی، دشمن ملک کی ایجنسی نے اس پر بہت پروپیگنڈا کیا تھا، یہ دہشتگرد کو اگست 2021 میں افغانستان میں دیکھا گیا تھا اور حال ہی میں پاکستان میں داخل ہوا، اس سطح کا دہشتگرد پاکستان میں کیا کر رہا تھا؟ اس حوالے تفتیش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی کمانڈوز نے القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کو 2 مئی 2011 کو ایبٹ آباد میں آپریشن کر کے ہلاک کردیا تھا۔