پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف آپریشن میں پاکستانی عوام اور طلبا نے کلیدی کردار ادا کیا اور بھارتی سٹریٹجک مفروضوں کو ہمیشہ کے لیے زمین بوس کر دیا ۔
کراچی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے جناح یونیورسٹی برائے خواتین کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طالبات کو "آپریشن بنیان مرصوص” میں دشمن کے ناپاک ارادوں کو نیست و نابود کرنے پر پاک افواج کی حکمت عملی اور قربانیوں سے آگاہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ "آپریشن بنیان مرصوص”میں پاکستانی عوام بالخصوص طلبا و طالبات نے کلیدی کردار ادا کیا اور بھارتی اسٹریٹجک مفروضوں کو ہمیشہ کے لیے زمین بوس کر دیا ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بلوچستان کے عوام پاکستان کے ساتھ مذہب، ثقافت اور روایات کے رشتوں میں بندھی ہے ،فتنہ الہندوستان کے مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان کے ساتھ رشتوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتے ۔
اس موقع پر جناح ویمن یونیورسٹی کی انتظامیہ اور طالبات کی جانب سے پاک فوج کو جنگ میں کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا گیا اور طالبات نے کہا کہ ہم پاک افواج سے ہیں اور پاک افواج عوام سے ہیں ۔
طالبات کا کہنا تھا کہ عوام اور افواج کا رشتہ ہمیشہ سے انتہائی مضبوط تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا، طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا اور اس طرح کے مزید سیشنز منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی ۔